میرا کتا ٹوئیٹ کرتا ہے راہول گاندھی کا ٹوئیٹر پر ویڈیو

نئی دہلی ۔ /29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے آج اپنے مخالفین کو انوکھے انداز میں جواب دیا جو اکثر ان کے ٹوئیٹس پر سوالات اٹھاتے ہیں اور یہ پوچھا جاتا ہے کہ کیا یہ ٹوئیٹس خود ان کے ہیں ۔ راہول گاندھی نے آج ٹوئیٹر پر اپنے کتے کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کیا ۔ انہوں نے لکھا کہ لوگ یہ پوچھتے ہیں کہ راہول گاندھی کیلئے کون ٹوئیٹ کرتا ہے اوریہ میرا بالکل سیدھا جواب ہے کہ یہ کام میرا کتا انجام دیتا ہے ۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ راہول گاندھی اپنے کتے کو بسکٹ پھینک رہے ہیں اور کتا کرتب بازی کے انداز میں اسے حاصل کررہا ہے ۔ راہول گاندھی کے اس ویڈیو پر فوری جوابی ٹوئیٹس شروع ہوگئے ۔ ان کے سیاسی حریفوں نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ۔ آسام کے سابق کانگریس لیڈر ہیمنتا بسواشرما نے سب سے پہلا جوابی ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ راہول گاندھی کو پارٹی امور سے دلچسپی نہیں ۔ شرما گزشتہ انتخابات میں بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں ۔ نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ نے راہول گاندھی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک دلچسپ ویڈیو ہے ۔

راہول گاندھی کو دلت خاتون
سے شادی کا مشورہ : اٹھاؤلے
ممبئی۔ 29 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر رام داس اٹھاؤلے نے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کو دلت خاتون سے شادی کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ محض دلتوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانے سے ذات پات کی تفریق کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ 47 سالہ راہول گاندھی نے حال ہی میں ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ جہاں تک شادی کی بات ہے، وہ تقدیر پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ ایک پرانا سوال ہے جب وقت آئے گا تب ہوگی۔ دلت لیڈر رام داس اٹھاؤلے ریپبلیکن پارٹی آف انڈیا (اٹھاؤلے) کے صدر ہیں اور ان کی پارٹی بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کی حلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ رشتہ کی تلاش میں راہول گاندھی کی مدد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اب بدل چکے ہیں اور ان میں قائدانہ صلاحیت بھی موجود ہے۔ وہ اب ’’پپو‘‘ نہیں رہے اور پراعتماد دکھائی دے رہے ہیں۔