ممبئی ۔ 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کپور خاندان کے نئے ہیرو ارمان جین جو آنجہانی راجکپور کے نواسے ہیں اور جن کی پہلی فلم ’’لیکر ہم دیوانہ دل‘‘ کوئی خاص بزنس نہیں کرسکی، نے کہا کہ وہ اپنے ناناجی کی کلاسک فلم ’’میرانام جوکر‘‘ کا سیکویل بنائے جانے کے خواہشمند ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ میرا نام جوکر اپنے زمانے کی طویل ترین فلم تھی اور اس میں تین علحدہ علحدہ کہانیوں کو دو انٹرول کے ساتھ پیش کیا گیا تھا، تو کیا اس کے باوجود بھی فلم کی سیکوئیل کی گنجائش ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں جب فلم ریلیز ہوئی تھی وہ (ارمان) پیدا بھی نہیں ہوئے تھے لیکن جو کچھ کہا گیا یا جو کچھ انہوں نے دوسرے فلمی ماہرین سے سنا، اس کا سیدھا سیدھا مطلب یہ ہیکہ فلم اپنی طوالت کی وجہ سے ہی فلاپ ہوئی حالانکہ آج کے دور میں میرا نام جوکر کو کلاسک فلم تصور کیا جاتا ہے۔ سیکوئیل کی گنجائش اس لئے ہے کہ آج ہمارے پاس رائٹرز کی کمی نہیں۔ وہ کہانی کو کچھ اس دلچسپ پیرائے اور مختصر طور پر بیان کرسکتے ہیں کہ فلم بینوںکو بوریت کا احساس نہ ہو۔ اگر فلم کی سیکویل بنانے کیلئے کوئی تیار ہوا تو وہ (ارمان) اپنے ناناجی کا کردار ادا کرنے کے لئے کوئی فیس نہیں لیں گے۔