میرا مشن جاری رہے گا، شکایت کا موقع نہیں دوں گا:شاہ فیصل

سری نگر، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ظاہری طور پر حزب المجاہدین کی طرف سے وائرل ہوئے مبینہ پوسٹرجس میں انہیں حکومت کا چارہ قرار دیا گیا ہے ، کے ردعمل میں ڈاکٹر شاہ فیصل نے کہا ہے کہ ایجنٹ کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز کرنے کے لئے میں قوم کا شکر گذار ہوں۔سرکاری نوکری سے حال ہی میں مستعفی ہوئے آئی اے ایس ٹاپر شاہ فیصل نے اپنے اردو فیس بک پوسٹ میں کہا ‘مجھے ایجنٹ کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز کرنے کے لئے قوم کا شکریہ’۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا مشن جاری رہے گا اور میں قوم کو شکایت کا موقع نہیں دوں گا۔قابل ذکر ہے کہ آئی اے ایس ٹاپر ڈاکٹر شاہ فیصل کے سرکاری نوکری سے مستعفیٰ ہوکر انتخابی سیاست میں کودنے کے فیصلے کے چند ہفتے بعد حزب المجا ہدین کی طرف سے مبینہ طور پر ایک پوسٹر منظر عام پر آیا ہے جس میں شاہ فیصل کو حکومت کا چارہ اور لوگوں کو آنے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ سوشل میڈیا پر وائرل اردو زبان میں لکھے گئے حزب المجاہدین کے مبینہ پوسٹر میں ڈاکٹر شاہ فیصل کا سیاسی میدان میں کودنے کو ایک گہری سازش قرار دیا گیا تھا۔متذکرہ پوسٹر میں لو گوں سے الیکشن بائیکاٹ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے ‘ہم آخر میں اپنی قوم سے یہی کہنا چاہتے ہیں کہ ووٹ ہرگز نہ ڈالیں، چاہے وہ شاہ فیصل ہو یا کوئی اور اپنے شہیدوں کے خون سے غدداری نہ کرنا’۔دریں اثناء ایک سینئر پولیس آفیسر نے کہا ہے کہ پولیس اس پوسٹر کے بارے میں تحقیقات کررہی ہے کہ آیا یہ پوسٹر معتبر ہے یا نہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ پوسٹر سامنے آنے کے بعد شاہ فیصل کی سیکورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ آئی اے ایس ٹاپر ڈاکٹر شاہ فیصل نے حال ہی میں سرکاری نوکری سے استعفیٰ دیا اورا پنی الگ سیاسی جماعت بنانے کا واضح عندیہ دے کر سیاسی میدان میں کودنے کا فیصلہ کیا۔شاہ فیصل کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ وہ بارہمولہ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے لوک سبھا انتخابات لڑیں گے ۔