کٹھمنڈو 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے دو روزہ دورہ نیپال کو تاریخی قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ نیپالی وزیر اعظم کے پی اولی کے ساتھ ان کی بات چیت ثمر آور رہی ہے اور اس دورہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں گرم جوشی پیدا ہوئی ہے ۔مودی نے اپنے دورہ کے اختتام پر ٹوئیٹ کرکے کہا کہ ان کا دورہ نیپال تاریخی رہا ہے ۔ اس سے انہیں نیپالی عوام سے رابطہ کرنے میں مدد فراہم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے پی شرما اولی کے ساتھ ان کی بات چیت بہت تعمیری رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئی گرمجوشی پیدا ہوئی ہے ۔ وہ نیپال کی مدد کرنے میں ہندوستان کی مدد کے عہد کا اعادہ کرتے ہیں۔ آج جاری ایک مشترکہ بیان میں دونوں وزرائے اعظم نے باہمی تعلقات میں تیز رفتاری کو مختلف اقدامات کے ذریعہ جاری رکھنے سے بھی اتفاق کیا ۔