نئی دہلی ۔7 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی ایم نے آج سماجی کارکن میدھا پاٹیکر کی جو سردار سروور ڈیم سے بے گھر ہوجانے والوں کی بازآبادکاری کے لئے مدھیہ پردیش میں احتجاج کررہی تھیں، ریاستی پولیس کی زیادتی کاشکار ہونے کے خلاف احتجاج کیا ہے ۔ جنرل سکریٹری پارٹی سیتارام یچوری نے شیوراج سنگھ چوہان حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف احتجاجیوں کی گرفتاری پر توجہہ مرکوز کررہی ہے اور اُن دیہی عوام کی بازآبادکاری کے اقدامات نہیں کررہی ہے ، جن کی اراضیات ڈیم کی تعمیر کی وجہ سے زیرآب آچکی ہیں۔ کاشتکاروں کی تنظیم نے مرکز کی ’’خاموشی‘‘ پر اعتراض کیا ہے جو بے گھر کسانوں کی حالت زار پر ردعمل ظاہر کرنے کا بھی حوصلہ نہیں رکھتی ۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکمنامہ میں مرکزی حکومت سے بے گھر ہونے والوں کو متبادل اراضی فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی ۔