میدھا پاٹکر کی عام آدمی پارٹی میں شمولیت

ممبئی ؍ نئی دہلی ۔ 13 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کیلئے نئے حوصلہ کے طورپر سماجی جہد کار میدھا پاٹکر نے آج اس نوخیز جماعت کے لئے اپنی ’’بھرپور ‘‘ تائید و حمایت پیش کی جبکہ بائیں بازو کے دانشور کمل مترا چینائے بھی اس پارٹی میں شامل ہوگئے ۔ پاٹکر نے ممبئی میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’ہم عام آدمی پارٹی کیلئے ہماری مکمل تائید پیش کرتے ہیں ۔ عام آدمی پارٹی نے کرپشن سے لڑائی کو اپنے ایجنڈے میں شامل کیا ہے جبکہ ہم آدرش (ہاؤزنگ سوسائٹی اسکام ) اور لواسا کے ذریعہ بدعنوانی سے لڑتے آئے ہیں‘‘۔ 59 سالہ سماجی جہد کار نے مزید کہا ، ’’ہم نے اُن کے ( عام آدمی پارٹی کے ) دستاویزات کا جائزہ لیا ہے اور ہم نے پایا کہ بنیادی سطح سے لے کر وسیع نوعیت کے نقطہ نظر کی بڑی حد تک اس میں عکاسی ہوتی ہے ۔

ہم مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھائیں گے اور ہماری رائے نہ صرف منشور بلکہ کام کاج کے طریقہ کار اور اُن کے عملی اقدامات کیلئے بھی دیں گے ‘‘۔ دہلی میں سینئر لیڈر پرشانت بھوشن نے اعلان کیا کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں اسکول آف انٹرنیشنل اسٹیڈیز کے پروفیسر چینائے بھی اس پارٹی میں شامل ہورہے ہیں اور کہا کہ یہ منفرد معاملہ ہے کیوں کہ چینائے اس پارٹی میں شامل ہونے سے قبل 40 سال سے سی بی آئی سے وابستہ رہے ہیں ۔ بھوشن نے اعلان کیا کہ نرمدا بچاؤ آندولن کی جہد کار اور حامی بھی پارٹی میں شامل ہوجائیں گے ۔