وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا بیان ، کانگریس کے کئی قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت
حیدرآباد ۔ 20۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ متحدہ میدک ضلع میں 10 نشستوں میں 9 پر ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی تھی اور آئندہ انتخابات میں ظہیر آباد کے بشمول تمام 10 نشستوں پر ٹی آر ایس کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پر دوبارہ گلابی پرچم کا لہرانا یقینی ہے اور ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے اقتدار میں آئے گی۔ ہریش راؤ آج حیدرآباد میں اپنی سرکاری قیامگاہ پر کانگریس سے تعلق رکھنے والے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ نرسا پور کے سابق رکن اسمبلی مدن ریڈی کی قیادت میں سابق سرپنچ رمنا راؤ اور وارڈ ممبر جمیل الدین ، رام چندر ، جی دشرتھ اور دوسروں نے اپنے حامیوں کے ہمراہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ہریش راؤ نے ان تمام کا استقبال کیا اور کہا کہ پارٹی تمام کارکنوں کا ہر ممکن خیال رکھے گی۔ حکومت کی دوبارہ تشکیل کے بعد انہیں مناسب مقام دیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ دو ماہ وہ پارٹی کی کامیابی کیلئے مساعی کریں تو پارٹی آئندہ پانچ برسوں تک ان کے مسائل حل کرے گی ۔ شمولیت اختیار کرنے والے قائدین نے سدی پیٹ میں ہریش راؤ کی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ سدی پیٹ کو ترقی کے معاملہ میں مثالی حلقہ بنایا گیا ہے۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ ، نرسا پور اور دیگر علاقوں میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا ذکر کیا اور کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ نرسا پور حلقہ میں 80,000 ایکر اراضی کو سیراب کیا جائے گا ۔ اسی دوران سدی پیٹ کے مختلف مواضعات میں ہریش راؤ کے حق میں قراردادوں کی منظوری کا سلسلہ جاری ہے جس میں عوام ہریش راؤ کے حق میں ووٹ کے استعمال کا عہد کر رہے ہیں۔ ہر گاؤں میں متفقہ قراردادیں منظور کی جارہی ہیں ۔