میدک پارلیمنٹ سے انتخاب کے بعد حلقہ کو ہمہ جہتی ترقی دینے کا اعلان

صدر ٹی آر ایس کے سی آر کی توقعات پورا کرنے کا عزم ، ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر کا بیان
حیدرآباد۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) میدک لوک سبھا حلقہ کے ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی نے عوام کو یقین دلایا کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے منتخب ہونے کے بعد وہ حلقہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے وقف ہوجائیں گے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پربھاکر ریڈی نے کہا کہ پارٹی صدر چندر شیکھر راؤ نے ان پر مکمل بھروسہ کرتے ہوئے امیدوار بنایا ہے اور وہ ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل صرف کے سی آر کی قیادت میں ہی ممکن ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے اقدامات کا آغاز کیا ہے اور آئندہ دو برسوں میں تلنگانہ اہم شعبوں میں ترقی یافتہ ریاستوں کی صف میں کھڑا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ مواضعات سے لیکر شہروں تک عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ایجنڈہ کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور انہیں عوام کی مکمل تائید حاصل ہے۔ پربھاکر ریڈی نے کہا کہ میدک لوک سبھا حلقہ سے ان کی کامیابی یقینی ہے اور بی جے پی اور کانگریس امیدواروں کی ضمانت بھی نہیں بچ پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ عملی سیاست میں نئے ہیں لیکن وہ کے سی آر کی قیادت میں حلقہ کی ترقی اور عوامی خدمت کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔