میدک پارلیمانی حلقہ سے ٹی آر ایس اور بی جے پی امیدواروں کو شکست دینے کی اپیل

کانگریس امیدوار سنیتا لکشما ریڈی کو کامیاب بنایا جائے: ایم اے خان رکن راجیہ سبھا
حیدرآباد /4 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خان نے میدک کے ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار مسز سنیتا لکشما ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے دھوکہ باز ٹی آر ایس اور فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دینے عوام سے اپیل کی ہے۔ سکریٹری پردیش کانگریس ایم اے غنی کی جانب سے رام چندرا پورم میں منعقدہ انتخابی مہم میں شرکت کے بعد انھوں نے کہا کہ میدک لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں کانگریس پارٹی کے لئے عوام میں ہمدردی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا میں کانگریس کو قربان کرکے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی، مگر ٹی آر ایس نے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرلیا، جب کہ اقتدار کے 90 دن مکمل ہونے کے بعد ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی منشور میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہو گئی، جس کی وجہ سے سماج کے تمام طبقات ٹی آر ایس حکومت سے ناراض ہیں اور عوام کے سامنے اب ٹی آر ایس اور بی جے پی کا متبادل صرف کانگریس پارٹی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر سنیتا لکشما ریڈی نے ضلع میدک کی ترقی میں انتہائی اہم رول ادا کیا ہے، وہ ایک بار پھر کانگریس امیدوار بن کر عوام سے رجوع ہو رہی ہیں، لہذا انھیں کامیاب بنانا عوام بالخصوص اقلیتوں کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت میں اندرون 100 دن ملک کے کئی مقامات پر فسادات ہوئے اور اقلیتوں کی جان و مال کو نقصان پہنچایا گیا، جس کے خلاف کانگریس صدر سونیا گاندھی آواز بلند کرچکی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں رہے یا اپوزیشن میں، ہمیشہ عوامی مفادات کو اہمیت دیتی ہے، اس طرح وہ تلنگانہ میں بھی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔