حکومت کی جانب سے ممکنہ تعاون کا تیقن :ڈپٹی چیف منسٹر
حیدرآباد 28 جولائی ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ و وزیر صحت ڈاکٹر راجیا نے آج یشودھا ہاسپٹل سکندرآباد پہنچ کر میدک ٹرین حادثہ میں زخمی اسکولی طلبہ کی عیادت کی۔ ڈاکٹر ٹی راجیا نے زخمی کمسن طلبہ کی صحت کے بارے میںڈاکٹروں سے معلومات حاصل کی ۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ زخمی طلبہ کے علاج کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کریں اور بہتر سے بہتر علاج کے ذریعہ عاجلانہ صحت یابی کی کوشش کی جائے ۔ڈاکٹر راجیا نے طلبہ اور ان کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کے مکمل علاج کا خرچ حکومت برداشت کرے گی اور طلبہ کے ڈسچارج ہونے کے بعد ہی ان کی مکمل صحتیابی تک مقامی طور پر حکومت کی جانب سے طبی امداد کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ڈاکٹر راجیا جو خود پیشہ سے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں انہوں نے طلبہ کے علاج سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لیا اور ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ ماہر ڈاکٹرس کی خدمات حاصل کرتے ہوئے عصری علاج کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے ایکس گریشیاء کی ادائیگی کے علاوہ غریب خاندانوں کی باز آبادکاری کیلئے حکومت مساعی کرے گی۔ اسی دوران یشودھا ہاسپٹل میں زیر علاج 7 طلبہ کو آج ڈسچارج کردیا گیا کیونکہ وہ تیزی سے روبہ صحت ہے دواخانہ کے ذرائع نے بتایا کہ دواخانہ میں شریک دو طلبہ کی حالت ابھی بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔زیر علاج مزید 7 طلبہ کو آئندہ دو تین دنوں میں ڈسچارج کئے جانے کا امکان ہے ۔ڈاکٹروں نے بتایا کہ چار طلبہ کی صحت پر مسلسل نگرانی رکھی جارہی ہے کیونکہ ان کی حالت میں وقفہ وقفہ سے ردو بدل دیکھا جارہا ہے ۔