میدک میں کسانوں پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت

چیف منسٹر تلنگانہ کو فوری معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ : محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کانگریس کے ڈپٹی فلور لیڈر کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے ضلع میدک میں کسانوں پر پولیس لاٹھی چارج کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت سے استفسار کیا کہ کیا یہی سنہرا تلنگانہ ریاست ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ فوری کسانوں سے غیر مشروط معذرت خواہی کریں اور کسانوں کو مسلسل 7 گھنٹے برقی سربراہ کریں ۔ بصورت دیگر کانگریس پارٹی بھی کسانوں کے احتجاج میں شامل ہوجائے گی ۔ آج سی ایل پی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ غیر منقسم ریاست میں تلنگانہ سے نا انصافی ہونے پر علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک میں کسانوں نے اہم رول ادا کیا ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سنہرا تلنگانہ ریاست بنانے کا کسانوں کو یقین دلایا جب کسان برقی سربراہی کے لیے احتجاج کررہے ہیں تو پولیس نے ان پر بے تحاشہ لاٹھی چارج کردیا جس سے کئی کسان زخمی ہوگئے ہیں وہ اور کانگریس پارٹی اس کی سخت مذمت کرتی ہے اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ فوری کسانوں سے معذرت خواہی کریں اور بغیر کسی کٹوتی کے مسلسل 7 گھنٹے دن میں کسانوں کو برقی سربراہ کریں ۔ بصورت دیگر کانگریس بھی کسانوں کے احتجاج میں شامل ہوجائے گی ۔ کسانوں کو برقی سربراہ کرنے کے معاملے میں چیف منسٹر لاپرواہی کررہے ہیں ، مگر ، جلسے ، جلوس ، دعوتیں اور فرینڈ شپ پارٹیاں کرنے میں مصروف ہیں ۔ کسان پریشان ہیں ۔ اس کی فکر کرنے کے بجائے دوسری جماعتوں کے قائدین کو اپنی جماعت میں شامل کرنے اور گریٹر حیدرآباد میں کامیابی کیسے حاصل کی جائے اس پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ اقتدار حاصل کرنے کے دو ماہ مکمل ہونے کے باوجود چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ ٹی آر ایس کا دور حکومت مایوس کن رہا ہے ۔ ٹی آر ایس کو اقتدار سونپنے پر عوام صرف 60 دن میں افسوس کا اظہار کررہے ہیں ۔ مسلمانوں اور قبائلی طبقات کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے وعدے پر کوئی عمل آوری نہیں ہے ۔ کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے اور دلتوں کو اراضی فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ۔ اس پر بھی عمل آوری کا آغاز نہیں ہوا ۔ حکومت عوامی مسائل پر توجہ دینے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی اور عوامی مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔۔