میدک میں ٹی آر ایس قائدین کی غیرقانونی سرگرمیوں کی شکایت

حیدرآباد۔ 7 ستمبر (این ایس ایس) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سیکریٹریٹ سے شکایت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حلقہ لوک سبھا میدک کے ضمنی انتخابات میں حکمران ٹی آر ایس پارٹی کے قائدین اور کارکن سدی پیٹ میں رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے جھوٹے وعدے کررہے ہیں اور کانگریس قائدین اور ورکرس کے ساتھ ہراسانی کررہے ہیں۔ تلنگانہ چیف الیکٹورل آفیسر کو ایک مکتوب میں ٹی پی سی سی کے ترجمان کملاکر راؤ اور جنرل سکریٹری ٹی کمار راؤ نے کہا کہ جب سابق ڈی سریدھر بابو نے کل شام کئی کانگریس قائدین اور کارکنوں کے ہمراہ سدی پیٹ کے چنا کوڈور منڈل میں ایک گاؤں میں پدیاترا کررہے تھے تو مقامی ایم پی ٹی سی بھوم ریڈی نے ان کے آدمیوں کے ساتھ ان کا راستہ روکا اور کانگریس ورکرس کو زدوکوب کیا۔ اس واقعہ کے بعد سریدھر بابو نے چنا کوڈور پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کرواتے ہوئے اس واقعہ کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ وزیر آبپاشی ، مارکیٹنگ و اُمور مقننہ ٹی ہریش راؤ گرام پنچایتوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ 13 ڈسمبر کو منعقد ہونے والے میدک لوک سبھا کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوار کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کریں چنانچہ کئی گرام پنچایتوں نے ہریش راؤ کے دباؤ کے پیش نظر قرارداد منظور کئے ہیں۔ انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر پر زور دیا کہ ٹی آر ایس قائدین کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ان کی غیرقانونی سرگرمیوں کو روکا جائے۔