ٹی آر ایس حکومت کے ناکام 100 دن ، میدک ٹی ڈی پی امیدوار دیاکر راؤ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم کے رکن اسمبلی مسٹر ای دیاکر راؤ نے کہا کہ میدک کے ضمنی چناؤ سے حکمران ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز ہوگا ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دیاکر راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اپنے دور اقتدار کے 100 دن گذر جانے کے باوجود اپنے وجود کا احساس دلانے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ عہدے چیف منسٹر کے لیے نا اہل ہیں ۔ اپنی کارکردگی کے ذریعہ انہوں نے نا اہل ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں جتنے بھی وعدے کئے گئے ہیں ان میں ایک بھی وعدے کو عملی جامہ پہنانے میں ٹی آرا یس حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں سماج کا کوئی بھی طبقہ مطمئن نہیں ہے ۔ چیف منسٹر کے بشمول تمام وزراء نا تجربہ کار ہیں جس کی وجہ سے نئی ریاست کی ترقی ٹھپ ہوچکی ہے ۔ فلاحی اسکیمات کے ثمرات غریب عوام تک پہونچ نہیں پا رہے ہیں ۔ کسانوں ، طلبہ ، خواتین اور برقی کے مسائل پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے عوام کے بھروسہ کو پورا کرنے کے بجائے ٹی آر ایس حکومت عہدوں کا لالچ دیتے ہوئے دوسری جماعتوں کے ٹکٹوں پر کامیاب ہونے والے عوامی منتخب نمائندوں کو اپنی جماعت میں شامل کرنے پر زیادہ توجہ دے رہی ہے ۔ اس معاملے میں ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ خرید و فروخت کی سیاست میں اہم رول ادا کررہے ہیں ۔ عوامی اعتماد کو نظر انداز کرتے ہوئے حکومت عوامی منتخب نمائندوں پر اکتفا کررہی ہے ۔ وہ 10 ستمبر کو سدی پیٹ میں جلسہ عام کا اہتمام کررہے ہیں ۔ جہاں ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے عوام میں شعور بیدار کریں گے ۔ کسانوں کے قرض معاف کرنے کے وعدے کو اب مشروط بنادیا گیا ہے اور معافی کے معاملے میں ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کی جارہی ہے ۔ فیس ری ایمبرسمنٹ کے معاملے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ حلقہ لوک سبھا میدک کے ضمنی انتخاب میں عوام تلگو دیشم کی تائیدی بی جے پی امیدوار مسٹر جگا ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر ٹی آر ایس کے زوال کا آغاز کریں گے ۔