میدک ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کا وسرجن ہوگا

پارٹی کو عوام سے معذرت خواہی کرنا چاہئے، مسز سنیتا لکشما ریڈی کا بیان
حیدرآباد /9 ستمبر (سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر و کانگریس امیدوار مسز سنیتا لکشما ریڈی نے کہا کہ گنیش کی طرح میدک کے عوام ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس کا وسرجن کردیں گے اور کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اپنے دور اقتدار کے 100 دن میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، اس طرح ٹی آر ایس کو میدک کے ضمنی انتخاب میں عوام سے ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اپنا محاسبہ کرے اور وعدوں پر عمل آوری نہ کرنے پر عوام سے معذرت خواہی کرے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی، جب کہ ٹی آر ایس نے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا، لیکن اس نے اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں میں سے کسی ایک کو بھی پورا نہیں کیا، جس کی وجہ سے تلنگانہ کے عوام ٹی آر ایس سے سخت ناراض ہیں، لہذا وہ میدک کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کو کامیاب بناکر ٹی آر ایس کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع میدک چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا آبائی ضلع ہے، تاہم اس کی ترقی سے چیف منسٹر کو کوئی دلچسپی نہیں ہے، جب کہ برقی قلت پر احتجاج کرنے والے کسانوں پر پولیس کے ذریعہ لاٹھی چارج کرائی گئی۔ اسی طرح چیف منسٹر کے حلقہ اسمبلی گجویل میں بہت بڑا ٹرین حادثہ ہوا، مگر افسوس اس بات کا ہے کہ کے چندر شیکھر راؤ نے مقام حادثہ کا دورہ کرنا تک گوارہ نہیں کیا۔ علاوہ ازیں ان کے حلقہ اسمبلی میں اب تک ترقیاتی کاموں کا آغاز نہیں ہوا اور کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کے معاملے میں بھی اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں اور قبائل کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا گیا، مگر اس پر عملی اقدامات نہیں کئے گئے اور نہ ہی مستقبل قریب میں کوئی آثار دکھائی دے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے 100 دن انتہائی مایوس کن رہے، کیونکہ تحریک کے دوران جو وعدے کئے گئے تھے، اب انھیں پورا کرنے میں ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے۔