عوامی مسائل کیلئے حکومت کو ایک ماہ کی مہلت، کے سی آر سے ملاقات نہیں کروں گا
حیدرآباد ۔ 21۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ وہ ضلع میدک سے وزیر کی کابینہ میں شمولیت کا مطالبہ نہیں کر رہے ہیں کیونکہ وزارت کی تشکیل چیف منسٹر کا اختیار ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ ضلع کے وزیر کی شمولیت یا عدم شمولیت چیف منسٹر کی مرضی پر منحصر ہے ۔ چونکہ محکمہ آبپاشی کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہے ، وہ مانجرا اور سنگور کے پانی کے سلسلہ میں سنگا ریڈی کے ساتھ ہوئی ناانصافی کو ختم کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے ملاقات نہیں کریں گے، صرف میڈیا کے ذریعہ اپنی بات پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ماہ تک انتظار کریں گے کہ چیف منسٹر محکمہ آبپاشی کی غلطی کو درست کرنے کیلئے کیا کارروائی کرتے ہیں۔ اگر ایک ماہ بعد بھی کارروائی نہیں کی گئی تو وہ اپنی حکمت عملی طئے کریں گے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ مانجرا اور سنگور کے مسئلہ پر وہ گزشتہ کئی دن سے چیف منسٹر سے اپیل کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر سے ملاقات کی صورت میں ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات کا کوئی خوف نہیں ہے ، پھر بھی وہ ملاقات نہیں کریں گے ۔ گزشتہ اسمبلی اجلاس میں سنگا ریڈی میں میڈیکل کالج کے قیام کے وعدہ کی یاد دہانی کرائی گئی تھی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ چیف منسٹر کو وعدہ کی تکمیل پر توجہ دلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سے ملاقات کی صورت میں انہیں کوئی سیاسی فائدہ نہیں ہے۔ لہذا وہ میڈیا کے ذریعہ اپیل کر رہے ہیں۔ انٹلیجنس اور چیف منسٹر کے پی آر او ان کی اپیل کے سی آر تک پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کی یکسوئی کی صورت میں حکومت کی نیک نامی ہوگی ۔