اقلیتی قائدین کو تمام 7 اسمبلی حلقوں میں مہم چلانے چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد۔/2ستمبر، ( سیاست نیوز) میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کیلئے پارٹی کے اقلیتی قائدین کو کے سی آر نے متحرک ہونے کی ہدایت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور ٹی آر ایس میں گزشتہ دنوں شمولیت اختیار کرنے والے سابق ریاستی وزیر محمد فرید الدین کی قیادت میں اقلیتی قائدین میدک کے 7اسمبلی حلقوں میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ میدک لوک سبھا حلقہ میں اقلیتی رائے دہندوں کی قابل لحاظ آبادی ہے اور ان کی تائید فیصلہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔اس لئے صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر چندر شیکھرراؤ نے پارٹی کے اقلیتی قائدین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف قائدین کو اسمبلی حلقہ جات کا انچارج مقرر کیا گیا جبکہ محمود علی اور محمد فرید الدین سارے لوک سبھا حلقہ کی انتخابی مہم کے نگرانکار ہوں گے۔ یہ قائدین اقلیتی آبادی والے علاقوں میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے اور اقلیتوں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کل 3ستمبر سے اقلیتی آبادی والے علاقوں میں انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔ میدک ضلع سے تعلق رکھنے والے اقلیتی قائدین کو بھی 7اسمبلی حلقوں میں متحرک کردیا گیا ہے۔ مکمل انتخابی مہم کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے وزیر آبپاشی ہریش راؤ مقرر کئے گئے ہیں جو مختلف قائدین سے ربط میں ہیں اور ان کے انتخابی دورہ کے پروگرام کو قطعیت دے رہے ہیں۔ اسی دوران سابق ریاستی وزیر فرید الدین نے بتایا کہ میدک لوک سبھا حلقہ میں ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی یقینی ہے اور کوئی بھی طاقت پارٹی کو کامیابی سے روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ میدک کے اقلیتی طبقہ میں ٹی آر ایس کے حق میں لہر پائی جاتی ہے اور اقلیتی عوام کے سی آر حکومت کے موافق اقلیتی اقدامات سے مطمئن ہے۔چندر شیکھر راؤ نے انتخابات سے قبل اقلیتوں کے بارے میں جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے مسلم قائد کا تقرر، اقلیتی بہبود کیلئے 1000کروڑ کا بجٹ اور غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے فی کس 51ہزار روپئے کی امداد جیسے اقدامات حکومت کی سنجیدگی کا ثبوت ہیں۔ فرید الدین نے کہا کہ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے بہت جلد کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کی رپورٹ کی بنیاد پر تحفظات کے حق میں قانون سازی کی جائے گی۔ محمد فرید الدین جو سابق میں ظہیرآباد اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں اور ضلع میدک میں کانگریس کا جانا مانا چہرہ ہیں انہیں ٹی آر ایس نے انتخابی مہم کی ذمہ داری دیتے ہوئے اقلیتوں کی تائید کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے حصول کے سلسلہ میں ٹی آر ایس کی جدوجہد سے عوام اچھی طرح واقف ہیں لہذا ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے امیدوار دراصل دوسرے مقام کے حصول کیلئے مقابلہ کررہے ہیں۔