مخالف تلنگانہ قائد کو ووٹ کا اخلاقی حق نہیں، وزیرآبپاشی ٹی ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد 6 ستمبر (سیاست نیوز)وزیر آبپاشی ہریش راو نے میدک کی عوام سے اپیل کی کہ وہ ضمنی چناو میں بی جے پی کو سبق سکھائیں جس نے مخالف تلنگانہ قائد کو اپنے امیدوار کے طورپر میدان میں اتارا ہے ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے تلنگانہ عوام کے جذبات کو مجروح کرتے ہوئے جگا ریڈی کو پارٹی ٹکٹ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جگا ریڈی کو ووٹ دینا دراصل چندرا بابو نائیڈو کو ووٹ دینے کے مترادف ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ سیما آندھرا قائدین نے چندرا بابو نائیڈو کی قیادت میں تشکیل تلنگانہ کو روکنے کیلئے ہر ممکن سازش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے بی جے پی کو اس بات کیلئے راضی کیا کہ وہ جگا ریڈی کو پارٹی امیدوار بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو میدک میں عوام سے ووٹ مانگنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے کیونکہ جگا ریڈی نے کرن کمار ریڈی کے ساتھ مل کر تلنگانہ کی تشکیل کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جگا ریڈی نے اعلان کیاتھا کہ تشکیل تلنگانہ کی صورت میں وہ سیاسی سنیاس لے لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی عوام باشعور ہیں اور وہ جگا ریڈی کو دوبارہ سیاسی طور پر باز آباد کار نہیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی مخالفت کے سبب عام انتخابات میں جگا ریڈی کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی دراصل سیما آندھرا قائدین وینکیا نائیڈو ،چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان کے اشارے پر کام کررہی ہے۔ ہریش راو نے یقین ظاہر کیا کہ ضمنی چناو میں ٹی آر ایس امیدوار پربھاکر ریڈی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔