کانگریس اور بی جے پی کی سازشیں بے فیض، ٹی ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد۔/13ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی قرار دیا اور کہا کہ عام انتخابات کے مقابلہ ٹی آر ایس امیدوار کو زائد اکثریت حاصل ہوگی۔ رائے دہی کے اختتام کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ انتخابی مہم میں عوام نے یہ ثابت کردیا تھا کہ دیگر جماعتوں پر ٹی آر ایس کو فوقیت حاصل ہے اور کانگریس و بی جے پی کی سازشوں کا عوام نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتیجہ ٹی آر ایس حکومت کی 100دن کی کارکردگی پر ریفرنڈم کی طرح ہوگا اور اپوزیشن کے الزامات بے بنیاد ثابت ہوں گے جس میں حکومت کی سو دن کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا گیا۔ ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس کی شکست کیلئے کانگریس، بی جے پی اور تلگودیشم نے مشترکہ طور پر کوشش کی اور رائے دہندوں میں دولت کا بے دریغ استعمال کیا گیا تاکہ انہیں لالچ کے ذریعہ ٹی آر ایس کی تائید سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس کے امیدواروں کی ضمانت بچنا بھی مشکل ہے اور ان جماعتوں کا مقابلہ دوسرے مقام کیلئے ہوا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ضمنی چناؤ میں اگرچہ رائے دہی کا فیصد کم رہا لیکن ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی کی اکثریت عام انتخابات سے زیادہ ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے اپوزیشن جماعتوں کو مسترد کردیا ہے اور ان کے الزامات پر کسی نے بھروسہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل منصوبہ کے ساتھ چندر شیکھر راؤ مختلف اقدامات کررہے ہیں اور انہیں عوام کی مکمل تائید حاصل ہے۔وسائل کی کمی کے باوجود چیف منسٹر تمام طبقات کی بھلائی سے متعلق اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بجٹ کی تیاری کے سلسلہ میں وسیع تر مشاورت کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو تلنگانہ میں آئندہ پانچ برسوں تک عوام کی تائید ہرگز حاصل نہیں ہوگی۔