نئی دہلی25مئی (سیاست ڈاٹ کام ) فوج نے سرینگر کے ایک ہوٹل میں ہوئے واقعہ کے سلسلہ میں میجر لیتل گوگوئی کے خلاف ‘کورٹ آف انکوائری’ کا حکم دیا ہے ۔آرمی چیف جنرل بپن راوت نے آج کہاکہ میجر گوگوئی نے اگر کوئی غلطی کی تو انہیں سزا دی جائیگی جو اپنے آپ میں مثال ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ فوج نے میجر گوگوئی کے خلاف کورٹ آف انکوائری’ کا حکم دیا ہے ۔ رپورٹوں کے مطابق یہ الزام ہے کہ گزشتہ بدھ کو سرینگر کے ہوٹل میں میجر گوگوئی کی ہوٹل کے اسٹاف کے ساتھ تکرار ہوئی تھی۔ اس موقع پر ان کے ساتھ ایک ڈرائیور اور ایک مقامی لڑکی بھی تھی۔ لڑکی ان سے ہوٹل میں ملاقات کیلئے آنے کی بات پھیلنے پر مقامی سطح پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا جس پر پولیس بلا لی گئی تھی ۔ پولیس نے پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا تھا۔میجر گوگوئی گزشتہ اپریل میں اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب انہوں نے سرینگر ضمنی الیکشن کے دوران بڈگام میں سلامتی دستوں اور پولنگ پارٹی کے اراکین کو پتھر بازوں سے بچانے پتھراو کررہے ایک مقامی نوجوان کو ڈھالر بناکر اپنی جیپ کے بونٹ پر باندھا تھا۔