میاں پور اور شمس آباد اراضی بدعنوانیوں کے عہدیداران معطل

رنگاریڈی ڈسٹرکٹ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس ، محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔5جولائی(سیاست نیوز) نائب وزیراعلی تلنگانہ ریاست نے کہاکہ حکومت کسی بھی محکمہ میںبدعنوانی اور رشوت خوری کو ہرگز برداشت نہیںکریگی اور خاطی عہدیداروں کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے انہیںبرطرف کیاجائے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اس کی تازہ مثال میاں پور اور شمس آباد میںپیش آئے اراضی گھٹالے میںملوث عہدیداروں کی برطرفی ہے ۔ آ ج یہاں رنگاریڈی کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ ضلع رنگاریڈی کلکٹر ‘ جوائنٹ کلکٹر‘ آر ڈی اوز‘ ایم آر اوز اور وی آر اوز کے ساتھ جائزہ اجلاس کے بعد اس بات کافیصلہ کیاگیا ہے کہ ضلع رنگاریڈی میںموجودسرکاری اراضیات کی حد بندی کا جنگی خطوط پر کام شروع کیاجائے گا۔ جناب محمد محمودعلی نے مزیدکہاکہ اندرون تین سے چار ماہ ریاست تلنگانہ میںسرکاری اراضیات کی نشاندہی کے متعلق ایک نیاسروے بھی کرایا جائے گااور دوسال میںسروے کی تکمیل کے بعد رپورٹ تیار کی جائے گی۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ 1930کے سروے ریکارڈ کے تحت ہی آج بھی رجسٹریشن کیاجارہاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میںعہدیداروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے تجاویز حاصل ہونے کے بعد مجوزہ سروے پر خرچ ہونے والی رقم چیف منسٹر کی منظوری کے بعد محکمہ مال کی جانب جار ی کردی جائے گی۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ محکمہ مال او رجسٹریشن میں98فیصد عملہ ایماندار اورفرض شناس ہے جبکہ ایک دوفیصد بدعنوان عہدیدار محکمہ پر داغداری کاسبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائوریاست کی باگ ڈور سنبھالنے سے قبل ہی اس بات کااعلان کرتے آرہے ہیںکہ نئی ریاست کو بدعنوانیوں اور رشوت خوری سے پاک رکھا جائے گا ۔جناب محمد محمودعلی نے کہا کہ تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت عوامی ہے یہاں پر حکمرانوں کا نہیںبلکہ عوام کا راج چلتا ہے اور کے سی آر حکومت میںعوام کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی کو ہرگز برداشت نہیںکیاجائے گا۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ ضلع رنگاریڈی میںمحکمہ مال کے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ضلع میںمیوٹیشن کے تمام زیر التواء کو اندرون دو ماہ مکمل کرلیاجائے ۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ 80فیصد سے زائد درخواستوں پر کاروائی کی جاچکی ہے ماباقی درخواستوں کو بھی اندرون ایک ماہ مکمل کرلیاجائے گا۔ جناب محمد محمودعلی نے مزیدکہاکہ متعلقہ عہدیداروں کو شادی مبارک او رکلیان لکشمی کے داخل کردہ درخواستوں کی بھی عاجلانہ یکسوئی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شادی سے قبل حکومت کی مالی امداد غریب خاندان کے لئے مددگار ثابت ہوگی۔انہوں نے دیگر فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں سنجیدگی کے ساتھ کام کرنے کی بھی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ اس موقع پر کلکٹر رنگاریڈی راگھو نندن رائو‘ جوائنٹ سندرعنبر اور دیگر بھی موجود تھے