نئی دہلی۔/11جون( فیکس)برمی مسلمانوں پرہورہے انسانیت سوز ظلم وستم کے خلاف سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی جانب سے برما کے سفارتخانہ پر زبردست احتجاج کیا گیا اور میانمار(برما) سفارت خانے کو میمورنڈم پیش کیاگیا ۔احتجاجی ریلی میںقومی نائب صدر ایڈوکیٹ شرف الدین احمد، دہلی اسٹیٹ کے صدر ایڈوکیٹ محمد اسلم احمدکے علاوہ سیکڑوں کی تعداد میں پارٹی کے دیگر کارکنان شریک تھے۔احتجاجی ریلی کاآغاز 3 مورتی سے ہوکر برما سفارت خانے سے کچھ دوری پر پولس بیریکیٹس کے پاس ختم ہوا۔اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے قومی نائب صدر جناب شرف الدین احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میانمار(برما)کے مسلمانوں پر ظلم وستم کی ساری حدوں کو پارکردیا گیاہے ۔انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدھسٹ مذہب بہت امن پسند مذہب کے طور پر جانے جاتے ہیں لیکن برما میں ا س کی شکل الگ ہی نظر آتی ہے یہاں پراس مذہب کے ماننے والے جلاد اور ظالم کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ایڈوکیٹ شرف الدین احمد نے کہا کہ اخباری رپورٹ کے مطابق بر ما میں کئی سال سے مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ۔میاانمار سرکار4 لاکھ سے زائد مسلمانوں کی شہریت کو منسوخ کردیا ہے۔
حکومت کی شہہ پر بدھسٹ قوم مسلمانوں کی جان مال کو مسلسل پائمال کررہے ہیں۔ایڈوکیٹ اسلم احمد صدر صوبہ دہلی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میانمار(برما) میں پچھلے کئی سالوں سے مسلمانوں کے خلاف منظم طور پر جو قتل غارت گری کی جارہی ہے وہ بے حد افسوس ناک اور دل دہلا دینے والی ہے ۔ ایس ڈی پی آئی روز اول سے ہی ظلم وبربریت کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہے اور میانمار کے تعلق سے بھی کئی باری احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا جا چکا ہے ۔ایڈوکیٹ اسلم احمد نے کہا کہ حالیہ چند ماہ سے برمی مسلمانوں کے لئے پوری دنیا تنگ ہوگئی ہے ۔ برما سرکار مسلمانوں کو بوسیدہ کشتیوں اور جہازوں پر زبردستی ٹھونس ٹھونس کرکے سمندر کے حوالے کررہی ہے،جن کشتیوں اور جہازوں پرصرف 0 20 افراد کے سوار ہونے کی کنجائش ہے وہاںپر 500 سے زائد لوگوں کو سوار کردیا جاتا ہے ۔ ان کے پاس کھانے پینے کا کوئی اشیا نہیںہے جس کی وجہ سے بے شمار مسلمان بھوک وپیاس کی شدت سے کشتیوں اور جہاز وں پر جاں بحق ہوگئے اور ان کی لاش کو سمندر بر کردیا گیا ہے ۔