حکومت میانمار کی طرف سے منظوری کا انتظار، ریڈکریسنٹ کا بیان
تہران ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کی تنظیم ریڈ کریسنٹ نے آج کہا کہ اس نے میانمار کے روہنگیائی مسلمانوں کیلئے امدادی پیاکیج تیار کرلیا ہے، جو سیکوریٹی فورسیس کی ظالمانہ مہم سے فراری کیلئے کوشاں ہیں۔ نیوز ایجنسی ’ازنا‘ کے مطابق تنظیم کے سربراہ مرتضیٰ سلیمی نے کہا کہ ہنگامی حالات کے اعتبار سے غذائی اشیاء، زندگی بچانے کیلئے درکار ادویات اور دیگر چیزوں پر مشتمل پیاکیج ریڈ کریسنٹ کی جانب سے میانمار کو بھیجنے کیلئے تیار کرلیا گیا ہے۔ یہ پیاکیج میانمار کے مظلوم عوام کو فوری بھیجنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کیلئے میانمار سے منظوری کا انتظار ہے۔ مرتضیٰ سلیمی نے کہا کہ یہ اقدام صدر حسن روحانی کی ہدایات پر کیا جارہا ہے۔ ایرانی عہدیداروں نے میانمار آرمی کی جانب سے بڑے پیمانے پر جاری سیکوریٹی آپریشنس کی بار بار مذمت کی ہے۔ یہ آپریشنس 25 اگست کو روہنگیائی شدت پسند عناصر کی جانب سے گھات لگا کر کئے گئے سلسلہ وار حملوں کے بعد شروع ہوئے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہیکہ اب تک 164,000 پناہ گزینوں نے فرار ہوکر پڑوسی بنگلہ دیش میں آسرا لیا ہے۔