میانمار میں 8 نومبر کو عام انتخابات

ینگون ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) میانمار میں طاقتور فوجی سربراہ نے یہ عزم کیا ہیکہ نومبر میں منعقد شدنی تاریخی انتخابات کے نتائج کا وہ احترام کریں گے اور کہا کہ اگر انہیں ملک کے صدر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کی پیشکش کی گئی تو وہ اسے ضرور قبول کریں گے۔ جنرل من آنگ ہلیانگ نے بی بی سی کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ انتخابات میں چاہے جو بھی کامیاب ہو وہ اس نتیجہ کو بصداحترام قبول کریں گے بشرطیکہ انتخابات شفاف اور دیانتدارانہ طور پر منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی ہماری حقیقی خواہش ہے کہ انتخابات میں کوئی دھاندلی نہ ہو بلکہ کئی دہوں کے بعد منعقد شدنی انتخابات شفاف اور غیرجانبدار ہونا چاہئے۔ 8 نومبر کو منعقد شدنی انتخابات میں تقریباً 30 ملین ووٹرس اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ گذشتہ 25 سال میں پہلی بار عام انتخابات منعقد ہورہے ہیں جس میں اپوزیشن قائد آنگ سان سوچی کی نیشنل لیگ فارڈیموکریسی (NLD) کو شفاف اور غیرجانبدارانہ رائے دہی کی صورت میں واضح اکثریت حاصل ہونے کی توقعات وابستہ کی جارہی ہیں۔