میانمار میں نئے صدر کی تاریخی حلف برداری

نیپی ڈا۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) میانمار میں آج ایک نئی تاریخ اس وقت رقم کی گئی جب جمہوریت حامی قائد آنگ سان سوچی کا ملک میں جمہوری حکومت کے قیام کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا اور 50 سال طویل فوجی حکومت کا خاتمہ ہوگیا اور اس طرح سوچی کے ایک قابل اعتماد ساتھی نے ملک کے صدر کی حیثیت سے حلف لیا۔ ہتن کیاؤ جو سوچی کے زمانہ طالب علمی کے ساتھی اور قریبی دوست رہ چکے ہیں، نے آج ملک کے سابق فوجی جنرل تھین سین کی جگہ لی۔ تھین سین نے بھی سوچی کی این ایل ڈی پارٹی کی گزشتہ سال منعقدہ انتخابات میں زبردست کامیابی پر ستائش کی تھی جس نے میانمار کی قسمت ہی بدل رک رکھ دی۔ 70 سالہ سوچی کو فوجی جنٹا حکومت کے تشکیل شدہ آئین کے مطابق صدر کے عہدہ سے محروم رکھا گیا ہے تاہم انہیں بالواسطہ طور پر موجودہ صدر کی ذمہ داریوں میں ان کی رہنمائی کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس طرح اب سوچی کی این ایل ڈی پارٹی نے نہ صرف انتخابی کامیابی بلکہ ملک میں جمہوری حکومت کے قیام کے ذریعہ یقینا ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
فرانس میں دہشت گردوں کی
شہریت ختم کرنے کی تجویز نامنظور
پیرس۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے صدر فرانسو اولاند نے دہشت گردی کے الزام میں سزا پانے والے شہریوں کی شہریت ختم کرنے کیلئے مجوزہ آئینی ترمیم کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔فرانس کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوان دہشت گردی میں ملوث فرانسیسی شہریوں کی شہریت کو ختم کرنے کے مجوزہ مسودہ قانون پر متفق نہیں ہو سکے۔ فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے کہا کہ اب اس مجوزہ ترمیم پر اتفاق ناممکن ہو چکا ہے۔