یانگون ۔ 16ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) میانمار کی پولیس تقریباً 12قیدیوں کی تلاش میں ہیں جو مبینہ طور پر ایک ڈیلیوری ٹریک کا سرقہ کر کے جیل سے فرار ہونے میں کامیاب رہے ہیں ۔ فرار کا یہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا جب کہ قیدیوں نے اس لاری پر قبضہ کرلیا اور ہوا این قید خانہ سے فرار ہوگئے ۔ مقامی عہدیداروں سے ان کے فرار کے بارے میں متضاد اطلاعات وصول ہوئیں ۔ پولیس کے بموجب یہ کچرے کی لاری تھی جو جیل خانہ سے کچرا سمیٹنے کیلئے آئی ہوئی تھی ‘ جب کہ پولیس کا بیان ہے کہ یہ لاری جیل خانہ سے پتھر ‘ تعمیری اشیاء بشمول ریت منتقل کرنے کیلئے آئی ہوئی تھی ۔ قیدیوں نے اس لاری کے ذریعہ جیل خانہ کی تمام گیٹوں کو عبور کرلیا اور بعد ازاں جیل سے باہر پہنچتے ہی فرار ہوگئے ۔ مقامی شہریوں کے بموجب اطراف و اکناف کے دیہاتوں میں چند اجنبی اشخاص دیکھے گئے تھے ۔