یانگون ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برما میں بسنے والے مسلمانوں پر وہاں کی ظالم حکومت اور فوج کے وحشیانہ مظالم کی خبریں آئے دن ذرائع ابلاغ کی زینت بن رہتی ہیں۔ ایسے ہی رونگٹے کھڑے کرنے والے مظالم کی ایک فوٹیج حال ہی میں سوشل میڈیا کے توسط سے سامنے آئی ہے جس میں میانمار کی فوج کو نہتے روہنگیا مسلمانوں پر ہولناک تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کو موصول ہونے والی یہ ویڈیو اراکان کے خبر رساں ادارے کے نشر کی ہے۔ یہ فوٹیج کسی فوجی اہلکار نے اپنے موبائل کیمرے ذریعے بنائی ہے جس میں پکڑے گئے روہنگیا مسلمانوں پر فوجیوں کو انسانیت سوز تشدد اور اذیتیں دیتے دکھایا گیا ہے۔ فوٹیج میں میانمار کے فوجی اہلکار مسلمانوں پر وحشیانہ تشدد کر رہے ہیں، انہیں انتہائی شرمناک طریقے سے مارا پیٹا جا رہا ہے۔
اور ننگی گالیاں بھی دی جا رہی ہیں۔اراکان نیوز ایجنسی نے، جس کا صدر دفتر مکہ مکرمہ میں ہے، اس فوٹیج کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ میانمار کی فوج نہتے روہنگیا مسلمانوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہے۔ اگرچہ اراکان صوبہ کی حکومت فوج اور پولیس کے ہاتھوں مسلمانوں پر وحشیانہ تشدد کی تردید کرتی ہے مگر انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بار بار میانمار کی فوج پر مسلمانوں پر بدترین مظالم، ان کے اجتماعی قتل عام، پکڑ دھکڑ اور تشدد کے الزامات عاید کرتی چلی آ رہی ہیں۔