نئی دہلی ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) میانمار میں کل ہندوستانی فوج کے تقریباً 70 کمانڈوز پر مشتمل ٹیم نے صرف 40 منٹ کی کارروائی میں 38 ناگاباغیوں کو ہلاک کردیا اور 7 زخمی ہوگئے۔ باوثوق ذرائع نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ حکومت نے یہ سخت فیصلہ اس وقت کیا جب ناگا دہشت گردوں نے 4 جون کو منی پور کے علاقہ میں گھات لگا کر کئے گئے حملہ میں 18 سپاہیوں کو ہلاک کردیا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 7 جون کی شب بنگلہ دیش سے واپسی کے فوری بعد جوابی حملہ کا فیصلہ کیا۔ چنانچہ 21 کمانڈوز کو جو اسالٹ رائفلس، راکٹ لانچرس، گرینیڈس اور تاریکی میں دکھائی دینے والی عینکوں سے لیس تھے، کل 3 بجے شب میانمار کی سرحد کے قریب ہندوستانی علاقہ میں اتارا گیا۔ وہ گھنے جنگل کا تقریباً 5 کیلو میٹر فاصلہ طئے کرتے ہوئے اس مقام پر پہنچے جہاں ٹریننگ کیمپس قائم تھے۔ کمانڈوس کی دو ٹیمیں بنائی گئیں اور ان ٹیموں نے 40 منٹ کی کارروائی میں ان کیمپس میں موجود تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ حکومت نے آج اس کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان تمام دہشت گرد گروپس کیلئے ایک عبرت ہے اور یہ یاد دہانی ہیکہ دہشت گردوں کا صفایہ کرنے کے معاملہ میں سرحد پار کرنے سے بھی پس و پیش نہیںکیا جائے گا۔