میانمار : بدھ شہریوں کا حملہ، درجنوں مسلمان شہید

ینگون، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) میانمار میں بدھ مذہب کے پیرو کاروں کے مسلم آبادی پر حملوں اور چاقوئوں کے وار نے درجنوں مسلمانوں کو شہید کردیا ہے۔ سال 2014 کا پہلا مہینہ میانمار کے مسلمانوں کیلئے ایک بار پھر خونی ثابت ہو رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ شہریوں نے ریاست راکھین میں روہنگیا مسلمانوں کو نشانہ بنایا اور درجنوں مسلمانوں کو موت کی نیند سلا دیا۔ بدھ پیروکاروں نے چاقوئوں کے وار سے 60 افراد کو شہید کیا جن میں17 خواتین اور 5 بچے بھی شامل ہیں۔ گزشتہ دو سال کے دوران بدھ بھکشوئوں کے حملوں میں 240 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ڈھائی لاکھ سے زائد نقل مکانی پر پر مجبور ہوگئے ہیں۔

جرمن فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ
برلن ، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جرمن ایئر فورس کا ایک طیارہ فرینکفرٹ کے شمال میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ ٹورناڈو نامی یہ جٹ فائٹر کل شام اپنے اڈے کے قریب پرواز کر رہا تھا۔ جرمن فضائیہ نے اس حادثے کی تصدیق کی ہے۔ طیارے کے دونوں پائلٹ بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ جہاز کا ملبہ ایک اہم سڑک پر گرا جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا۔