وائی ایس آر کانگریس کو جھٹکا، چیف منسٹر اے پی چندرا بابو سے ملاقات
حیدرآباد /7 اگست (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس کو اس وقت ایک اور جھٹکا لگا، جب نیلو کے میئر عبد العزیز نے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے تلگودیشم میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انھوں نے ریاستی وزیر نارائنا اور تلگودیشم پارٹی کے ضلع صدر وی رویندرا کے ساتھ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ مسٹر عبد العزیز کے مسٹر نارائنا سے دوستانہ تعلقات ہیں۔ انھوں نے وائی ایس آر کانگریس کے چند کارپوریٹرس کے ساتھ تلگودیشم میں شمولیت کی مکمل تیاری کرلی ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر نیلور کو سارے ملک میں ماڈل سٹی کے طرز پر ترقی دینے کے لئے برسر اقتدار تلگودیشم میں شامل ہو رہے ہیں، جس کا کوئی سیاسی مقصد نہیں ہے، وہ صرف نیلور کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو اہمیت دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میئر منتخب ہونے سے قبل وہ وائی ایس آر کانگریس میں کافی رسوا ہوئے ہیں، پارٹی میں کئی مرتبہ ان کی بے عزتی ہوئی اور ان کے میئر بننے کے بعد پارٹی گروپ بندی کا شکار ہوئی ہے۔ شہر کے ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس انھیں دھمکیاں دے رہے ہیں، جب کہ وائی ایس آر کانگریس کے کارپوریٹرس مقامی ارکان اسمبلی کے بغیر ان سے ملنے کے لئے بھی تیار نہیں ہیں۔ انھوں نے ان معاملات کی پارٹی قیادت سے شکایت کی، تاہم حل برآمد کرنے کی بجائے ان کے مخالف گروپ کی حوصلہ افزائی کی گئی، جس کی وجہ سے وہ مستعفی ہوکر تلگودیشم میں شامل ہو رہے ہیں۔