میئرس و صدور نشین بلدیات کے انتخابات میں تاخیر

حیدرآباد۔/25جون، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کا موقف رکھنے والی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی پر مشتمل ایک وفد نے گورنر آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون میں ملاقات کی اور صدورنشین بلدیات، میئرس میونسپل کارپوریشن، صدورنشین ضلع پریشد اور منڈل پریشدوں کے انتخابات کیلئے کی جانے والی تاخیر پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور عاجلانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے موثر اقدامات کرنے کی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے پرزور خواہش کی۔ بعد ازاں گورنر سے ملاقات کرکے واپسی کے دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں ادارہ جات مقامی بلدیات و پنچایت راج کے گذشتہ عرصہ کے دوران منعقدہ انتخابات کے باوجود صدورنشین بلدیات، میئرس و صدورنشین ضلع پریشد و منڈل پریشد کے انتخابات کو منعقد کرنے میں حکومت عملاً تاخیر کررہی ہے اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ارکان بلدیات و ضلع پریشد و منڈل پریشد کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جس سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پایا جارہا ہے۔