مہیلا کانگریس قائدین کی ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی سے ملاقات

حیدرآباد۔/4مئی، ( سیاست نیوز) مہیلا کانگریس کے ایک وفد نے آج ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں خواتین کے خلاف مظالم میں اضافہ کے واقعات پر یادداشت پیش کی۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیلا وبھاگ کی صدر این شاردا کی قیادت میں وفد نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو بتایا کہ حالیہ عرصہ میں خواتین پر مظالم، قتل اور عصمت ریزی کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ امن و ضبط کی برقراری اور خواتین کے تحفظ کیلئے پولیس کو اقدامات کرنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد خواتین، لڑکیوں اور کمسن بچوں کے قتل ، اغوا، عصمت ریزی اور دیگر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ پولیس ان واقعات کی روک تھام میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں یادادری ضلع کے حاجی پور میں پیش آئے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے خواتین کے اغوا اور قتل کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ اگر سابق میں پولیس بہتر تحقیقات کرتی تو اس قدر لڑکیوں کی زندگی ضائع نہ ہوتی۔ مہیلا کانگریس کے وفد نے حاجی پور کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ عوام میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خواتین پر مظالم کے مسئلہ پر چیف منسٹر کے سی آر خصوصی اجلاس طلب کریں۔ خواتین کے خلاف جرائم سے نمٹنے کیلئے ایک خصوصی شعبہ قائم کیا جائے۔ خواتین کی کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کی پولیس کو ہدایت دی جائے۔ انہوں نے خواتین سے متعلق جرائم کے مقدمات کی یکسوئی کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کا مطالبہ کیا۔