بیٹی عالیہ کو نقصان پہنچانے کی دھمکی ،یو پی میں ایک گرفتاری
ممبئی ، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک شخص کو اترپردیش میں حراست میں لیا گیا جو فلمساز مہیش بھٹ کو مبینہ دھمکی اور جبری وصولی کا فون کال موصول ہونے کے سلسلے میں کی گئی کارروائی ہے، پولیس نے آج یہ بات کہی۔ یہاں جوہو پولیس اسٹیشن میں درج شکایت کی بنیاد پر ممبئی کرائم برانچ کے اینٹی اکسٹارشن سل نے انکوائری کی ہے۔ ممبئی کرائم برانچ ڈی سی پی ونئے راٹھوڑ نے کہا کہ پولیس نے خاطی کی شناخت کرلی۔ اترپردیش پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس کی مدد سے اُس ریاست میں ایک شخص کو محروس کیا گیا ہے۔ راٹھوڑ نے بتایا کہ ہماری ایک ٹیم محروس شخص کو تحویل میں لینے کیلئے روانہ ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق خاطی نے حال ہی میں مبینہ طور پر اترپردیش سے فون کالس پروڈیوسر۔ ڈائرکٹر کو کئے اور انھیں واٹس اپ پر پیامات بھی بھیج کر 50 لاکھ روپئے کا تقاضہ کیا۔ فون کرنے والے نے مطالبہ کی عدم تکمیل پر مہیش بھٹ کی بیٹی اداکارہ عالیہ بھٹ کو نقصان پہنچانے کی دھمکی بھی دی۔ مہیش بھٹ نے متعدد سوپر ہٹ فلمیں بنائیں اور ہدایت کاری بھی کی ہے۔ ان کی بڑی بیٹی پوجا بھٹ کے بعد اب چھوٹی بیٹی عالیہ بھی معروف اداکارہ ہے۔