مہیشورم میں بھٹی وکرمارکا کی جمہوریت بچاؤ یاترا

سبیتا اندرا ریڈی کے خلاف عوامی ناراضگی، ٹی آر ایس میں شمولیت پر تنقید
حیدرآباد ۔ 20۔ مئی (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کانگریس کے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف اپنی جمہوریت بچاؤ یاترا کے تحت مہیشورم اسمبلی حلقہ کا دورہ کیا ۔ اس حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی سبیتا اندرا ریڈی نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ ان کے حلقہ میں بھٹی وکرمارکا دورہ کے موقع پر عوام میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ مقامی عوام نے پارٹی سے انحراف کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کانگریس سے وابستگی برقرار رکھنے کا عہد کیا۔ بھٹی وکرمارکا نے مہیشورم میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ غیر دستوری اور غیر جمہوری طریقے اختیار کرتے ہوئے کانگریس ارکان اسمبلی کو انحراف پر مجبور کر رہی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے منحرف ارکان اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر دوبارہ مقابلہ کریں۔ عوام اور کانگریس کارکنوں کی جانب سے اس مطالبہ کی بھرپور تائید کی گئی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں جب ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہوئے تو کے سی آر نے اسے غیر جمہوری قرار دیا تھا ۔ اب دولت اور طاقت کی بنیاد پر کانگریس کے 11 ارکان اسمبلی کو انحراف پر مجبور کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف عوام میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ کئی ارکان اسمبلی کی قیامگاہوں کا عوام کی جانب سے گھیراؤ کیا گیا ۔ بعض ارکان اسمبلی کے خلاف پولیس میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف جدوجہد جاری رکھتے ہوئے انہیں سبق سکھائیں۔