مہا کوٹمی امیدوار کے حق میں لہر، ٹی آر ایس مفاد پرست پارٹی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حلقہ اسمبلی مہیشورم میں انتخابی مہم کے آخری دن آج مہا کوٹمی سے کانگریس پارٹی امیدوار و سابق وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور رائے دہندوں سے ملاقات کی ۔ سبیتا اندرا ریڈی کو سماج کے تمام طبقات کی غیر معمولی تائید حاصل ہورہی ہے۔ جس کے نتیجہ میں ان کی کامیابی یقینی ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی کی عوامی خدمات کے سبب حلقہ کے مسلم رائے دہندوں نے بھرپور تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ4 برسوں میں مقامی سابق رکن اسمبلی عوامی مسائل کی یکسوئی میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک پارٹی سے منتخب ہوکر دوسری پارٹی میں شامل ہوتے ہوئے اپنی موقع پرستی کا ثبوت دیا۔ عوام کو سیاسی موقع پرستی سے زیادہ مسائل کی یکسوئی کی فکر لاحق تھی لیکن چار برسوں میں ٹی آر ایس کے موجودہ امیدوار نے آبادیوں کا رُخ کرنے کے بجائے حکومت کی راہداری میں رہنے کو ترجیح دی۔ عوام کے مفادات سے زیادہ شخصی مفاد کو ترجیح دینے والے سابق رکن اسمبلی کو سبق سکھانے کا رائے دہندے فیصلہ کرچکے ہیں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے جو کام انجام دیئے وہ آج بھی برقرار ہیں۔ وہ تمام طبقات میں یکساں طور پر مقبول ہیں۔ گزشتہ انتخابات میں شکست کے باوجود انہوں نے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا۔ مہیشورم منڈل کے مسلم اکثریتی آبادی والے علاقہ جات شاہین نگر، بالاپور، جل پلی، پہاڑی شریف کے علاوہ مہیشورم، امیر پیٹ، کتہ پیٹ میں سبیتا اندرا ریڈی کو ایک طرف عوامی موقف حاصل ہے اور ان علاقوں میں سبیتا اندرا ریڈی میڈم کے نام سے کافی مقبولیت اور اقلیت دوست شناخت رکھتی ہیں۔