مہیشورم حلقہ اسمبلی میں بدعنوان قائدین کی کوشش رائیگاں جائیں گی

سی پی آئی امیدوار جناب سید عزیز پاشاہ کا شاہین نگر میں جلسہ سے خطاب

حیدرآباد۔25اپریل(سیاست نیوز)جاریہ انتخابات کو سرمایہ داروں اورعوام کے حقیقی خدمت گذاروں کے درمیان مقابلہ قراردیتے ہوئے سینئر کمیونسٹ قائد وامیدوار اسمبلی حلقہ مہیشورم جناب سیدعزیزپاشاہ نے کہاکہ پانچ سال میں ایک مرتبہ عوام کے درمیان پہنچ کر ووٹ دینے کی اپیل کرنے والے سرمایہ داربدعنوانی کے ذریعہ کروڑ ہا روپئے کماتے ہیں اور صرف انتخابات کے وقت لوٹ کھسوٹ‘ بدعنوانیوں کے ذریعہ حاصل آمدنی خرچ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیںمگر اب وقت تبدیل ہوگیا ہے عوام بالخصوص غریب اور متوسط طبقات کو گمراہ کرنے کی تمام کوششیں رائیگاں جائیںگی کیونکہ عام شہری کی سونچ بدل گئی ہے اور عوام موقع پرست اور حقیقی خدمت گذار کے درمیان کا فرق جان چکے ہیں۔ شاہین نگر میںکمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے انتخابی جلسہ عام سے اپنے خطاب کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسمبلی حلقہ مہیشورم کا بھی یہی حال ہے انہوں نے کانگریس اور تلگودیشم کے امیدوار پر بدعنوانی اور دھوکہ دھڑی سے کمائی ہوئی دولت کو انتخابات میںصرف کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے انتخابی مفاہمت کی خلاف ورزی کی اور اپنے امیدوار کو بی فارم دیکر سی پی آئی کے مقابل کھڑا کیا ۔ انہوں نے اسمبلی حلقہ مہیشورم کی بے مثال ترقی کے لئے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے نشان درانتی بھٹہ پر مہر لگاکر انہیںبھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میںکمیونسٹ پارٹی اف آنڈیا ہی بلاتفریق ذات پات‘ مذہب کے عوامی خدمات کو ترجیح دینے والی سیاسی پارٹی ہے۔ صدر کل ہند مسلم سنگھم جناب خالد رسول خان نے عزیز پاشاہ کے ملی خدمات کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے کہاکہ چوبیس گھنٹے عوامی خدمات کے لئے تیار رہنے والی شخصیت کا نام عزیز پاشاہ ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سابق میںکئی مرتبہ عزیزپاشاہ نے پرانے شہر کے مصائب زدہ مسلمانوں کی آواز کو حکومت کے ایوانوں تک پہنچانے کاکام کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کل ہند مسلم سنگھم اسمبلی حلقہ مہیشور م میں مکمل طور پر سی پی آئی امیدوار کی تائید کرتا ہے انہوں نے مزیدکہاکہ سنگھم کے کارکن بھی اسمبلی حلقہ مہیشورم کے مسلمانوں میںعزیزپاشاہ کے کارناموں کے متعلق شعور بیداری مہم چلائیںگے۔ صدر تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد میر احمد علی‘ نائب صدور شیخ شمس الدین احمد‘ سہیل الدیانی ایڈوکیٹ‘ جنرل سکریٹری منیر پٹیل کے علاوہ سی پی آئی اور انصاف کے دیگر قائدین اور مقامی لوگوں نے بھی اس جلسہ عام سے خطاب کیا۔