لکھنؤ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کے ضلع مہوبا میں ہندوؤں نے رمضان المبارک کے موقع پر مسلمانوں کے ساتھ روزہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلمانوں نے یہاں آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کے قیام کیلئے مہم شروع کی ہے اور اس کی تائید میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ مسلمانوں نے مہوبا میں ایمس جیسے ادارہ کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو ’’من کی بات‘‘ میں مکتوب روانہ کیا تھا۔ سماجی کارکن تارا پاٹکر نے جو 25 ہندو افراد پر مشتمل گروپ کی قیادت کررہے ہیں، کہا کہ وہ اس اہم مسئلہ کی طرف توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں۔ یہاں صحت کے مسائل پائے جاتے ہیں لیکن بری طرح نظرانداز کیا جارہا ہے۔ معمولی بیماری کیلئے بھی ہمیں جھانسی یا کانپور کا سفر کرنا پڑتا ہے اور پیچیدہ امراض ہونے کی صورت میں لکھنؤ یا دہلی کا سفر ضروری ہوجاتا ہے، مقامی مدرسہ کے اُستادمحمد صمد نے یہ بات بتائی۔ ہولی کے موقع پر مودی کو پوسٹ کارڈس روانہ کرتے ہوئے یہ مہم شروع کی گئی تھی۔50 ہزار پوسٹ کارڈس بھیجنے پر بھی وزیراعظم نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ اس کے بعد لائحہ عمل تبدیل کرکے سنسکرت میں پوسٹ کارڈس بھیجے گئے۔