ورنہ خالی کرو سنگھاسن، مودی حکومت پر راہول گاندھی کا ٹوئٹ
نئی دہلی۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے نریندر مودی حکومت سے کہا ہے کہ وہ فضول تقریریں کرنا بند کریں اور اگر وہ بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے اور عوام کو روزگار فراہم کرنے کی اہل نہیں ہے تو مستعفی ہوجائیں۔ راہول نے جو ٹوئٹر پر پھر ایک مرتبہ سرگرم ہوچکے ہیں، ٹوئٹ کیا کہ ’’مہنگی گیاس، مہنگا راشن، بند کرو کھوکھلا بھاشن، دام باندھو، کام دو ، ورنہ خالی کرو سنگھاسن‘‘ ۔ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ گیاس مہنگی ہوگئی ، غذائی اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں ، مودی حکومت کو کھوکھلی تقریریں فوری بند کرے ، قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے ، ملازمتیں فراہم کی جائیں یا پھر اقتدار سے ہٹ جائے۔ راہول گاندھی اس ٹوئٹ کے ساتھ ایل پی جی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق میڈیا کی خبروں کو بھی منسلک کیا ۔ گجرات دورہ میں راہول گاندھی نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ عوام کی توجہ اپنی جانب کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی تھی ۔ انہوں نے مہنگائی ، بے روزگاری ، نوٹ بندی، معیشت کی ابتر صورتِ حال اور جی ایس ٹی پر مودی حکومت کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے عوام سے ملاقات کے دوران کہا کہ مودی حکومت کے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے فیصلوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ راہول گاندھی کے پروگرامس میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت سے یہ سیاسی پیش قیاسی کی جارہی ہے کہ اب کی بار گجرات میں تبدیلی آسکتی ہے کیونکہ عوام مودی حکومت سے بیزار اور عاجز آچکے ہیں۔