مہلوک ونود کمار کے والدین کو پون کلیان کا پرسہ

اداکاروں کی پسند پر ہلاکت کے واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار
تروپتی ۔ 26 ۔ اگست : ( این ایس ایس) : ٹالی ووڈ اداکار اور صدر جناسینا پارٹی پون کلیان نے اپنے ایک چاہنے والے (فیان ) کے والدین سے ملاقات کی ۔ پون کلیان کے فیان ونود کمار کو ایک دیگر اداکار کے چاہنے والوں نے کولار کرناٹک میں بے رحمی سے ہلاک کردیا ۔ پون کلیان نے ونود کمار کے والدین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ونود کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ اداکاروں پر لڑائی تکلیف دہ امر ہے جب کہ فلم انڈسٹری میں اداکاروں کے ایکدوسرے سے دوستانہ تعلقات رہتے ہیں ۔ انہوں نے فلمی شخصیتوں کے چاہنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے پسندیدہ اداکاروں کے تعلق سے اظہار خیال کے دوران انتہائی حساس رہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ 24 سالہ ونود کمار پون کلیان کے دیوانہ وار چاہنے والوں میں سے تھا اور وہ اپنے پسندیدہ اداکار کے لیے کی پارٹی جناسینا کے لیے چتور میں کئی پروگرامس ترتیب دئیے تھے ۔ حال میں ونود کمار نے کولار میں ایک تقریب میں پون کلیان کے حق میں نعرے بلند کیے ۔ اس پر دوسرے اداکار کے چاہنے والوں نے اعتراض کرتے ہوئے شدید زخمی کردیا جس کے سبب ونود کی ہلاکت واقع ہوگئی ۔ ونود کمار آئندہ دو ماہ میں امریکہ روانہ ہونے والے تھے ۔ پون کلیان نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ونود کی موت کے ذمہ دار خاطیوں کے خلاف کیس درج کریں اور سخت سزا دیں ۔۔