حیدرآباد 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تلگو فلموں کے افسانوی اداکار اور سابق چیف منسٹر آنجہانی این ٹی راما راو کے پوتے 42 سالہ جانکی رام کی سڑک حادثہ میں المناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تلگو اداکار سے سیاستدان بننے والے سابق مرکزی وزیر کے چرنجیوی نے حادثات سے بچنے کیلئے سیٹ بلٹ کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ موٹر کاروں میں سفر کرنے والوں سے چرنجیوی نے سیٹ بلٹ باندھنے کی اپیل کی ۔ حیدرآباد سے وجئے واڑہ کو روانگی کے دوران کل شام صلع نلگنڈہ میں ایک سڑک حادثہ میں مہلوک نندا موری جانکی رام کو مانصاحب ٹینک پر واقع ان کے والد فلم اداکار و سابق رکن پارلیمنٹ این ہری کرشنا سے ملاقات کرتے ہوئے چرنجیوی نے خراج عقیدت ادا کیا ۔ اس موقع پر وہاں موجود اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چرنجیوی نے سیٹ بلٹ باندھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کار میں سفر کرنے والوں کی جان محفوظ رہ سکتی ہے اور سنگین حادثہ کی صورت میں بھی حادثہ کی شدت کے کم سے کم اثرات مرتب ہوتے ہیں۔