سری نگر ، 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے دربگام میں حزب المجاہدین کے مہلوک کمانڈر سمیر احمد بٹ عرف سمیر ٹائیگر کے والد محمد مقبول بٹ نے سیکورٹی فورسز پر ان کی املاک کو نذر آتش کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گذشتہ رات دربگام پلوامہ میں محمد مقبول کے مکان کے صحن میں سیب کی خالی پیٹیوں کو نذر آتش کردیا اور مبینہ طور پر مکان میں بھی آگ لگائی۔ آتشزنی کے اس مبینہ واقعہ میں مکان کو معمولی نوعیت کا نقصان ہوا ہے ۔ مہلوک جنگجو کمانڈر سمیر ٹائیگر کے والد محمد مقبول نے وادی کے ایک روزنامے کو بتایا ہے ‘سیکورٹی فورسز نے گذشتہ رات میرے مکان کے صحن میں سیب کی خالی پیٹیوں اور مویشی چارہ کو نذر آتش کردیا’۔ ان کے مطابق ‘ اس سے قبل فورسز نے میرے مکان کو نذر آتش کرنے کی غرض سے اس کے دروازے میں آگ لگائی۔ یہ واقعہ گذشتہ رات قریب تین بجے پیش آیا’۔ محمد مقبول کے مطابق مقامی لوگوں اور نذدیکی فائر اسٹیشن کے اہلکاروں نے آگ کو پھیلنے سے روک دیا۔ ایک اور رپورٹ میں محمد مقبول کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ فورسز کی ٹیم میں ریاستی پولیس کے اہلکار بھی شامل تھے ۔ فورسز نے مبینہ طور پر املاک کو نذر آتش کرنے کے لئے پیٹرول کا استعمال کیا ہے ۔ رپورٹ میں محمد مقبول کے حوالے سے کہا گیا ہے ‘کچھ افراد (فورسز) نے گذشتہ رات میرے مکان کے دروازے پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ کے حوالے کردیا۔ اس کے بعد انہوں نے خالی پیٹیوں کے ایک اسٹال اور مویشی چارہ کو بھی آگ لگادی۔ ہم نے مکان کے صحن سے پیٹرول کی خالی بوتلیں برآمد کی ہیں’۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کی نسبت تفصیلات اکھٹا کی جارہی ہیں۔