مہلوکین کے ورثاء کو 3 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے ٹاملناڈو حکومت کا فیصلہ

چینائی ۔ 8 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو حکومت نے آج ان مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 3 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے جنہیں پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں صندل کی اسمگلنگ کے الزام میں گولی مار دی گئی تھی ۔ ضلع چتور میں کل پولیس کارروائی کے دوران 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس میں اکثریت کا تعلق ٹاملناڈو سے تھا اگرچیکہ پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت مبینہ اسمگلرس پر فائرنگ کا دعویٰ کیا لیکن حقوق انسانی گروپس اور سیاسی جماعتوں نے پولیس انکاؤنٹر کی مذمت کی ہے اور اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسمگلرس کے حملہ میں اس کے 6 اہلکار بھی زخمی ہوگئے ہیں جو کہ دیسی ساختہ ہتھیار سے لیس تھی۔ تاہم قومی حقوق انسانی کمیشن نے حکومت آندھراپردیش کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی، کمیشن کے ایک رکن نے بتایا کہ پولیس کی کارروائی سے حقوق انسانی سنگین خلاف ورزی ہوئی ہے اور حفاظت خود اختیاری کے تحت پولیس فائرنگ حق بجانب قرار نہیں دیا جاسکتا۔ حکومت ٹاملناڈو نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 3 لاکھ روپئے زر تلافی ادا کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ یہ معاوصہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے فراہم کیا جائے گا ۔ تریوالور ضلع کلکٹر کی زیر قیادت ریونیو عہدیداروں کی ایک ٹیم تروپتی پہنچ گئی ہے تاکہ مہلوکین نعشوں کو آبائی مقامات تک پہنچایا جاسکے۔