مہدی پٹنم میں سب وے تعمیر کرنے کی منظوری

اسٹانڈنگ کمیٹی جی ایچ ایم سی کا فیصلہ ، بعض سرکلس کے نام کی تبدیلی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی) اسٹانڈنگ کمیٹی نے مہدی پٹنم میں پیدل راہرو کو آسان طریقہ سے آمد و رفت کے لیے ایک سب وے تعمیر کرنے کی تجویز کو منظوری دیدی ہے ۔ جس کی تعمیر کے بعد عوام کے لیے سہولت بخش ثابت ہوگا ۔ یہ سب وے پی وی این راؤ پلر نمبر 13 مہدی پٹنم میں تعمیر کیا جائے گا ۔ قبل ازیں سب وے تعمیر کی تجویز پیش کی گئی تھی ۔ ابتداء میں حکام نے یہاں پر اسکائی واک کا منصوبہ تیار کیا تھا تاہم اس پر عمل آوری نہ ہوسکی ۔ سب وے پراجکٹ عوامی اور خانگی شراکت داری کے ذریعہ تکمیل کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ سرکل نمبر II گچی باولی کو شر لنگم پلی جب کہ سرکل نمبر 12 شرلنگم پلی کو چندا نگر میں تبدیل کرنے کی تجویز کو بھی منظوری دیدی گئی ہے ۔ جب کہ چندا نگر سڑک کو بنڈلہ گوڑہ جنکشن تا ایرہ کنٹہ ، بڑا بازار جنکشن تا بھوانی نگر مین روڈ ، تروملا اسکول تا ایس بی آئی کالونی براہ ویویکا نندا نگر تک کی توسیع کو منظوری دی گئی ہے ۔ اسی دوران جی ایچ ایم سی کمشنر بی جناردھن ریڈی نے تین شفٹوں میں کچرا اٹھانے کی گاڑیوں پر خدمات انجام دینے والے ڈرائیورس کو ایک ہزار روپئے انعام پیش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ انعامات 26 جنوری کو یوم جمہوریہ تقریب میں دئیے جائیں گے ۔ ریڈی نے زونل اور ڈپٹی کمشنرس کو ہدایت دی کہ وہ بڑے پیمانے پر کچرا جمع کرنے والے ہوٹلس ، بزنس انتظامیہ سے رقمی انعام کا انتظام کریں ۔ بلدیہ نے ماتاجی نگر بیگم پیٹ اور سکندرآباد میں غیر مجاز طریقہ سے تعمیر کردہ ڈھانچوں کو منہدم کردیا تھا ۔۔