مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کے لیے عصری آلات کی خریدی

داخلی جھگڑوں سے رکاوٹوں کا اعتراف ، بدعنوانیوں کی تردید
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت لکشما ریڈی نے کہا کہ مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کے لیے جدید تقاضوں سے لیس ریڈیشن مشین خریدا گیا ہے ۔ ہاسپٹل کے اندرونی جھگڑوں سے ریڈیشن مشین خریدنے میں ایک سال کی تاخیر ضرور ہوئی ہے مگر کوئی بدعنوانیاں یا بے قاعدگیاں ہونے کی تردید کی ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران کانگریس کے ارکان اسمبلی کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ نقل مارننے کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہے ۔ ایم این جے کینسر ہاسپٹل میں کانگریس کے دور حکومت 2013 میں ریڈیشن مشین خریدنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ہاسپٹل میں کینسر کا موثر علاج ممکن ہوسکے ۔ کانگریس ارکان اسمبلی کے درمیان تضاد پایا جاتا ہے ۔ رام موہن ریڈی بدعنوانیاں ہونے کا الزام عائد کررہے ہیں جب کہ ڈاکٹر چنا ریڈی اس کی تردید کررہے ہیں ۔ حقیقت میں نا کانگریس کے دور حکومت میں بدعنوانی ہوئی ہے نا تلنگانہ حکومت میں کوئی بدعنوانی ہوئی ہے ۔ ہاں البتہ ہاسپٹل کی داخلی اختلافات کی وجہ سے ریڈیشن مشین خریدنے میں ایک سال کی تاخیر ہوئی ہے ۔ ماہرین ڈاکٹرس کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ پر ہی جدید تقاضوں سے لیس 2.5 ایم ایم بیم پر مشتمل ریڈیشن مشین خریدا گیا ہے ۔ اس مشین پر ابھی علاج شروع نہیں ہوا ہے ۔ صرف ٹسٹ کرائے جارہے ہیں ۔ اضلاع سطح پر بھی حکومت کینسر اسکریننگ سنٹرس قائم کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی رام موہن ریڈی نے کہا کہ مہدی نواز جنگ قدیم ہاسپٹل ہے جس کا ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو نے افتتاح کیا ۔ انہیں اطلاع ملی ہے کہ ریڈیشن مشین خریدنے میں بدعنوانیاں ہوئی ہیں ۔ 14.51 کروڑ کے مشین کو 22 کروڑ میں خریدا گیا ہے ۔ اس کی تحقیقات کرانے کے لیے اسمبلی کمیٹی تشکیل دینے یا اے سی بی تحقیقات کرانے یا اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ڈاکٹر چناریڈی نے کہا کہ 2.55 ایم ایم ریڈیشن مشین خریدنے سے کینسر کا موثر علاج ممکن ہے تاہم 5 ایم ایم کا مشین خریدا گیا ہے ۔ جس سے جسم کے دوسرے خلیے متاثر ہونے کے خدشات ہیں ۔ ٹی جیون ریڈی نے مشین کارکرد ہے یا نہیں حکومت سے استفسار کیا ۔۔