مہا کوٹمی کی لہر میں ٹی آر ایس ، بی جے پی اور چھوٹی جماعت بہہ جائیں گے

بہادر پورہ حلقہ اسمبلی سے کانگریس امیدوار کلیم الدین بابا کو کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : اسمبلی حلقہ بہادر پورہ کے کانگریسی امیدوار کلیم الدین بابا نے کہا کہ آج امتحان کی گھڑی ہے ۔ تھوڑی سی غفلت مستقبل کو تباہ و برباد کرسکتی ہے ۔ لہذا فرقہ پرستوں اور موقع پرستوں اور پرانے شہر کو ترقی سے محروم رکھنے والی چھوٹی جماعت کو سبق سکھانے کے لیے کانگریس کو کامیاب بنانے کی رائے دہندوں سے اپیل کی ۔ کلیم الدین بابا نے انتخابی مہم میں ان کا ساتھ دینے والے کانگریس کیڈر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے رائے دہندوں سے انہیں ( کلیم الدین بابا ) کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ آج امتحان کا وقت ہے تبدیلی کی لہر میں انہیں کامیاب بنایا گیا تو وہ خدمت گذار بن کر عوام کے درمیان میں موجود رہیں گے ۔ ان کے مسائل کو حل کرائیں گے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے انتھک جدوجہد کریں گے ۔ کلیم الدین بابا نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے زیر قیادت عوامی محاذ کی لہر چل رہی ہے ۔ جس میں ٹی آر ایس ، بی جے پی اور چھوٹی جماعت سب بہہ جائیں گی ۔ 11 دسمبر کے بعد تلنگانہ پیپلز فرنٹ کی حکومت قائم ہوگی اگر اسمبلی حلقہ بہادر پورہ کے عوام انہیں کامیاب بناتے ہیں تو ہوسکتا ہے وہ کابینہ میں پرانے شہر کی بھی نمائندگی کرسکتے ہیں ۔ عوام ووٹ دینے سے قبل سنجیدگی سے غور کریں ۔ اپنے ووٹ کی طاقت کو سمجھیں اور پھر اس کا استعمال کریں ۔ مگر ساتھ میں اپنا محاسبہ کرنا نہ بھولیں ماضی میں جس جماعت اور اس کے نمائندوں کو آپ نے اپنا ووٹ دے کر کامیاب بنایا تھا کیا وہ منتخب امیدوار آپ کے مسائل کو حل کرنے ، بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں کیا کامیاب ہوا ہے ۔ کیا آپ کے درمیان رہا ہے ۔ یا آپ سے کبھی ملاقات کی ہے ۔ اسمبلی حلقہ بہادر پورہ میں سرکاری اسکولس ، کالجس اور ہاسپٹلس قائم کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ۔