مہاراشٹرا کے 17 اضلاع کو پانی کی قلت اور قحط درپیش

ممبئی۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) قحط اور خشک سالی کا خطرہ مہاراشٹرا اور ودربھا علاقوں کے 17 سے زیادہ اضلاع پر منڈلا رہا ہے کیوں کہ یہاں بہت کم بارش ہوئی ہے اور پانی آبپاشی کے لیے بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔ مرہٹ واڑہ کے بیشتر علاقوں میں اوسط درجے کی جاریہ موسم برسات میں بارش ہوئی۔ لیکن اس علاقے میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی۔ صرف 28.81 فیصد بارش ہوئی۔ ذخائر آب میں بہت کم پانی موجود ہے۔ جیکواڑی ڈیام جسے مرہٹواڑہ کی رگ حیات سمجھا جاتا ہے، اس میں گزشتہ سال آج ہی کے دن 87.63 فیصد پانی موجود تھا۔ کم از کم 17 اضلاع کو قحط جیسی صورتحال کا اندیشہ درپیش ہے۔ آبی وسائل کے محکمہ کے بموجب ابھی یہ پیش قیاسی قبل از وقت ہے کہ ان علاقوں میں پانی کی قلت درپیش ہوگی۔ سب کمیٹی برائے راحت رسانی اور برازآبادکاری کے اجلاس وزیرمال چندرکانت پاٹل کی زیر صدارت منعقد کیے جارہے ہیں۔ جس میں ان علاقوں کو قحط زدہ علاقے قرار دینے کا قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ گنّے کی کاشت کے لیے کثیر مقدار میں پانی ضروری ہوتا ہے لیکن یہاں ذخائر آب خشک ہوچکے ہیں، اس لیے گنے کی کاشت ناممکن ہے۔