مہاراشٹرا کے ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم ڈیوٹی پر واپسی

ممبئی 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سارے مہاراشٹرا میں آج ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے سلسلہ وار حملوں کے خلاف اپنے پانچ روزہ احتجاج کو ختم کردیا اور بامبے ہائیکورٹ اور چیف منسٹر دیویندر فرنویس کی طرف سے الٹی میٹم کے بعد ڈیوٹی پر واپسی کرلی ہے۔ ریاستی حکومت نے احتجاجی ڈاکٹروں کو تیقن بھی دیا تھا کہ اُن کے مطالبات کا جائزہ لیا جائے گا۔ بلدی ادارے کے زیراہتمام چلنے والے کے ای ایم ہاسپٹل کے ڈین ڈاکٹر اویناش سوپے نے کہاکہ زیادہ تر ڈاکٹروں نے ڈیوٹی پر واپسی کرلی ہے۔ او پی ڈیز بھی معمول کے مطابق کام کرنے لگے ہیں اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے جنرل وارڈس کا بھی معائنہ کیا۔ ہمیں اُمید ہے حالات جلد ہی نارمل ہوجائیں گے۔ سائن اور نائر ہاسپٹلس کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے بھی کام شروع کردیا ہے۔ ڈاکٹروں نے اپنی ہڑتال چیف منسٹر کی جانب سے گزشتہ روز کے الٹی میٹم کے پیش نظر ختم کی جس میں اُن سے کہا گیا کہ ڈیوٹی پر واپس ہوجائیں یا پھر قانونی کارروائی کا سامنا کریں۔