ممبئی ۔ 6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) تقریباً 17 لاکھ ملازمین جو حکومت مہاراشٹرا سے تعلق رکھتے ہیں کل سے تین روزہ ہڑتال کریں گے تاکہ ساتویں پے کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کے اُن کے مطالبہ کو تسلیم کیا جائے ، تاہم دیڑھ لاکھ گزیٹیڈ عہدیداروں نے ہڑتال سے اُس وقت دستبرداری اختیار کرلی جبکہ آج رات ریاستی حکومت نے تیقن دیا کہ گرانی الاؤنس کے 14 ماہ کے بقایہ جات اُنھیں جلد ہی ادا کردیئے جائیں گے ۔ ملازمین جنوری 2019 ء سے پے کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ اُن کے دیگر مطالبات میں پانچ روز کاہفتہ کرنا اور وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر 58 سال سے 60سال کردینا بھی شامل ہے ۔ قبل ازیں دن میں ریاستی حکومت کے ملازمین کی تنظیموں کے صدر نتن سر دیشمکھ نے درجہ سوم اور درجہ چہارم کے ضلع پریشد ، ریاستی دواخانوں ، سکریٹریٹ میں برسرکار ارکان عملہ سے ہڑتال میں شامل ہوجانے کی اپیل کی تھی ۔ مرکزی حکومت کے ملازمین کو 2016ء سے ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کے فوائد حاصل ہورہے ہیں ۔