ممبئی 11 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت مہاراشٹرا نے دینی مدارس میں مذہبی نصاب کے علاوہ چار دنیوی مضامین کی تعلیم کو لازمی قرار دیا ہے ۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں انہیں اضافی گرانٹس کے بغیر اپنا مدرسہ چلانا ہوگا ۔ وزیر اقلیتی امور ایکناتھ کھڈسے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اقلیتیں تمام شعبہ حیات میں آگے آئیں۔ دینی مدارس کیلئے ضروری ہیکہ جب وہ بچوں کو مذہبی تعلیم دے رہے ہیں تو اس کے ساتھ ساتھ دیگر مضامین کی تعلیم بھی یقینی بنائیں چنانچہ ہم نے دینی مدارس میں انگریزی ‘ ریاضی ‘سائنس اور سماجی علم کے مضامین کی تدریس کو لازم کردیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں جملہ 1890 مدارس رجسٹرڈ ہیں جن میں 550 نے چار مضامین پڑھانے سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا اگر مدارس میں بی ایڈ اور ڈی ایڈ اساتذہ کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں تو ہم نے انہیں تنخواہیں ادا کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مدارس اس وقت دو لاکھ روپئے بطور مالی امداد حاصل کرتے ہیں۔