تلنگانہ کے وزراء دورہ ممبئی سے واپس ، اندرون پندرہ یوم چیف منسٹر کو رپورٹ
حیدرآباد۔/22اگسٹ، ( سیاست نیوز) مہاراشٹرا کے ممبئی شہر میں پولیس اور ٹرانسپورٹ سسٹم کا جائزہ لینے کے بعد وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی آج حیدرآباد واپس ہوگئے۔ اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ان دونوں وزراء نے ممبئی میں ٹرانسپورٹ سسٹم اور ٹریفک پر قابو پانے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ مہاراشٹرا کے تجربہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے حیدرآباد میں بھی ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کو بین الاقوامی معیار کے شہر کی حیثیت سے ترقی دینے کا عزم رکھتی ہے۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ پولیس کو عصری بنانے اور اصلاحات کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے بتایا کہ ممبئی میں بڑھتی آبادی کے باوجود جس طرح بہتر ٹرانسپورٹ سسٹم ہے اس سے حیدرآباد کو بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دورہ کے موقع پر مہاراشٹرا حکومت کے عہدیداروں سے جو تفصیلات حاصل ہوئی ہیں اس کا جائزہ لیتے ہوئے اس طریقہ کار کو تلنگانہ میں بھی رائج کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ممبئی کے دورہ کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ اندرون 15یوم چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کو پیش کی جائے گی۔ اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ممبئی کے دورہ کے موقع پر دونوں وزراء نے ممبئی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور پبلک اور خانگی ٹرانسپورٹ سسٹم اور ٹریفک جام کو روکنے کیلئے پولیس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف بس اسٹیشنوں اور میٹرو ریل اسٹیشنوں کا بھی دورہ کرتے ہوئے مصروف اوقات میں عوام کی آمدورفت کا بھی جائزہ لیا۔