چندرا پور ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مہاراشٹرا کے ضلع چندرا پور میں یکم اپریل سے شراب نوشی پر امتناع عائد کیا جارہا ہے اور نشہ بندی کی سختی سے پابندی کی جائے گی ۔ ضلع کلکٹر دیپک مہیشکر نے بتایا کہ تمام شراب کے لائسنس بشمول طبی بنیادوں پر جاری کردہ انفرادی لائسنس بھی یکم اپریل سے منسوخ کردئیے جائیں گے ۔ ضلع کلکٹر نے کل پولیس اور آبکاری عہدیداروں کا مشترکہ اجلاس طلب کرتے ہوئے نشہ بندی پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ۔ حکومت مہاراشٹرا نے ماہ جنوری میں معدنیات کی دولت سے مالا مال علاقہ ودربھا کے ضلع چندرا پور کو خشک ضلع قرار دیا تھا اور شراب کی خرید و فروخت اور تیاری اور استعمال پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ چندرا پور سے 25 کلومیٹر کے اطراف و اکناف امتناعی احکامات نافذ رہیں گے اور حکومت کی جانب سے شراب کی فروخت کے لیے کوئی لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا ۔ متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ شراب کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے 14 نئے چیک پوسٹ قائم کئے جائیں اور 31 مارچ کے بعد شراب کی دکانات میں بچا ہوا مال ضبط کرلیا جائے ۔ قبل ازیں حکومت نے ریاست کے 2 اضلاع واردھا اور گڈچیرولی میں بھی نشہ بندی نافذ کردی تھی ۔۔